شام : حکومت مخالف تنظیم نے حضرت اویس قرنی کے مزار کو دھماکہ خیز مواد سے شہید کر دیا
دمشق (نوائے وقت رپورٹ) شام میں حضرت اویس قرنیؓ کے مزار کو شہید کر دیا گیا۔ عرب ٹی وی نے بتایا حکومت مخالف عسکریت پسند تنظیم داعش نے مزار کو دھماکہ خیز مواد سے شہید کیا۔ اس سے قبل بھی شام کے شہر المرقہ میں شدت پسندوں نے حضرت اویس قرنیؓ کے مزار اور اس سے ملحقہ مسجد عمار بن یاسرؓ کو نقصان پہنچایا تھا۔ تنظیم داعش نے مسجد عمار بن یاسرؓ اور حضرت اویس قرنیؓ کے مزار کو اڑانے کیلئے دو الگ الگ بم دھماکے کئے تھے۔ واضح رہے حضرت اویس قرنیؓ کا مزار اور اس سے متصل جامع مسجد عمار بن یاسرؓ لبنان، عراق اور ایران سے آنے والے زائرین کی ایک اہم زیارت گاہ سمجھے جاتے ہیں۔ مزید برآں اے ایف پی کے مطابق ترک سرحد کے قریب شامی قصبے باب الاسلام میں کار بم دھماکے میں 19 شہری ہلاک اور بیسیوں زخمی ہو گئے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے ترجمان نے بتایا بم دھماکہ کار پارک میں ہوا۔ مرنیوالوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ادھر شام میں اغوا ہونیوالے 2 برطانوی صحافی انتھونی لائڈ اور جیک ہیل زخمی حالت میں ترکی پہنچ گئے۔