مکرمی!یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ قائداعظم کو موجودہ پاکستان کے علاقوں میں تحریک پاکستان کے لئے سب سے زیادہ جدوجہد کرنا پڑی۔ قائداعظمؒ کی فراست اور مخلص مسلم لیگی کارکنوں کے تعاون سے مسلمانوں میں اتنی بیداری پیدا ہو گئی کہ اس عوامی طوفان میں ابن الوقت اہل غرض اور چڑھتے سورج کی پوجا کرنے والے ریتلی مٹی کی طرح بہہ گئے اور اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان بن گیا۔ مگر انگریزوں کے پٹھو آہستہ آہستہ سیاست اور حکومت میں نمایاں ہونے لگے اور بالآخر یہ حالت ہو گئی کہ خوشامدی اور کاسہ لیسی کے چولے بدل بدل کر آنے لگے۔ جو قوم اپنے گناہ گاروں کو بھول جاتی ہے وہ اللہ کی بھی گنہگار بن جاتی ہے۔ ابن الوقتوں اور خوشامندیوں کا یہی گروہ ہماری تمام مصیبتوں کا ذمہ دار ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کسی بھی حکومت کی تبدیلی کے بعد صرف ایک آدمی جو ان کا سربراہ ہوتا ہے گناہ گار رہ جاتا ہے باقی سب بے گناہ اور معصوم بن جاتے ہیں اور یہی وہ گروہ اور یہی وہ لوگ ہیں جو ہر دور میں حق داروں کا حق غصب کرتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جو قوم کی جڑیں کاٹ رہے ہیں اور انہی لوگوں نے عوام اور حکومت کا انداز فکر کبھی یکساں نہ ہونے دیا۔ ہمارا معاشرہ ایک بیمار معاشرہ بن چکا ہے۔ اب صرف خوشامندیوں‘ ابن الوقتوں اور لوٹوں کے مکمل قلع قمع سے ہی ہماری قوم پھر سے زندہ ہو سکتی ہے۔ چند سیاستدانوں کے سوا باقی تمام کئی کئی پارٹیاں بدل چکے ہیں کئی کئی بار اپنی وفاداریاں بدلتے رہے اور اب تو وہ تمام ملٹی کلر لوٹ بن چکے ہیں۔ جمہوری سیاست میں عوام سے رابطہ قائم کرنے کا واحد ذریعہ پارٹی کے کارکن ہوتے ہیں اور جن کارکنوں کا دامن بے داغ ہو وہ کارکن ہی عوام میں اور اپنے لوگوں میں سر اٹھا کر چل سکتے ہیں لیکن ہمارے ہاں سیاسی پارٹیوں کے عہدوں کے لئے انتخاب نامزدگی کا ہار عوام میں اچھے کردار کے بجائے سفارش کو بنانے کا رواج عام ہے۔ اس طرح رفتہ رفتہ برسراقتدار پارٹی کا سورج غروب ہو جاتا ہے اور اس وقت موجودہ حکمران پارٹی کو جس بے پناہ طوفان کا سامنا ہے وہ بدعنوان کارکنوں لوٹوں اور ابن الوقتوں کا ہی پیدا کردہ ہے۔ ان حالات میں جو کہ سیاسی پارٹیوں کا حال ہے وقت کی ضرورت ہے کہ جو بھی ایم پی اے‘ ایم این اے کسی بھی پارٹی کا لوٹا ہو جائے تو اس کو آئندہ کبھی بھی الیکشن لڑنے کا ٹکٹ نہیں ملنا چاہئے اگر ملک کے موجودہ سیاسی رہنماﺅں‘ جماعتی عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کی فہرست مرتب کی جائے اور جو افراد دو دفعہ سے زیادہ پارٹیاں بدل چکے ہوں یا جعلی ڈگریوں پر ایم پی اے یا ایم این اے بنے ہوں انہیں آئندہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ممانعت کر دی جائے۔ اس طرح ابن الوقتوں اور لوٹوں کی بڑی تعداد سے نجات مل جائے گی۔(رفاقت شاہ لاہور 0333-4325061)
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38