لاہور (این این آئی/ ریڈیو نیوز/ وقت نیوز) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں امن کا سب سے بڑا حامی ہے اور اس کیلئے سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام کی قربانیاں دنیا کیلئے ایک مثال ہیں۔ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرکے ہی دہشت گردی کےخلاف جنگ موثر انداز میں لڑی جا سکتی ہے۔ حکومت نے میڈیا پر کوئی پابندی نہیں لگائی، ہر کسی کو بات کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ کرسچین زارن کی قیادت میں ملنے والے جرمن پریس انسٹیٹیوٹ کے6رکنی صحافیوں کے وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوان گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔ جرمن عوام نے بھی ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ میڈیا کا کسی بھی ملک کیلئے آزاد ہونا لازم ہے، پاکستان میں بھی اس وقت میڈیا مکمل طور پر آزاد ہے، کسی پر کوئی پابندی نہیں بلکہ ہم نے گزشتہ حکومت کی طرف سے لگائی گئی، پابندیوں کو ختم کیا، پاکستان میں اس وقت کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں۔ دہشت گردی صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے مضبوط معاشی پاکستان کا ہونا بھی ضروری ہے۔ دنیا کو چاہیے کہ وہ ہماری مشکلات کو کم کرنے کیلئے مدد کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم کا متحد ہونا بڑی کامیابی ہے۔ بہت قربانیاں دیدیں، اب دنیا کو پاکستان کیلئے ”ڈومور“ کرنا ہوگا۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ 35 لاکھ متاثرین کی تین ماہ میں گھروں کو واپسی عظیم کارنامہ ہے۔ یورپی یونین پاکستانی مصنوعات کو اپنی منڈیوں تک رسائی دے۔ شہید بے نظیر بھٹو عالمی سطح کی لیڈر تھیں۔ ان کی شہادت عظیم سانحہ ہے۔ جرمن صحافیوں کے وفد نے کہا کہ پہلے پاکستان کا یورپ مےں امیج دہشت گردی اور عورتوں کے پردے کے حوالے سے ہے اس حوالے سے منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے مگر یہاں آکر پاکستان کو ماڈرن، روشن خیال ملک کے طور پر دیکھ رہے ہےں۔ وزیراعظم نے انہیں پاکستان مےں جرمن میڈیا ٹریننگ سنٹر کے قیام مےں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔پاپ سنگر ابرار الحق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ حکومت غریب، نادار اور مستحق لوگوں کی فلاح و بہبود کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم سول سوسائٹی بھی اس سلسلہ مےں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ آئندہ وفاقی بجٹ غریب دوست ہوگا جس مےں عام آدمی کی ضروریات کو ترجیح دی جائے گی۔ قبل ازیں ابرارالحق نے وزیراعظم کو سہارا فار لائف ٹرسٹ کی سرگرمیوں کے متعلق آگاہ کیا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024