کراچی(کامرس رپورٹر)باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے سلسلہ میں سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی مخالفت‘ تنازعہ اور چھوٹے تاجر اور عوام کی بڑھتی مخالفت اور احتجاج کی وجہ سے وفاقی حکومت نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے متبادل ٹیکس کے نفاذ پر غور و خوض شروع کردیاہے۔ معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی بڑھتی ہوئی مخالفت بالخصوص سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کی جانب سے مخالفت کے بعد متبادل ٹیکس پر غور شروع کردیا ہے۔ بعض ماہرین نے وفاقی حکومت کو موجودہ سیلز ٹیکس کو وسیع کرکے تمام استثنیٰ ختم کرنے اور ہر مرحلہ پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ آئین کے مطابق ملک میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کےلئے ضروری ہے کہ چاروں صوبائی اسمبلیاں اس کے بل کی منظوری د یں تب ہی اسے نافذ کیا جاسکتاہے۔ واضح رہے کہ دو ہفتہ قبل ملک کے بڑے صنعتکاروں نے صدر‘ وزیراعظم‘ مشیرخزانہ کے ساتھ ایک اجلاس میں بادل نخواستہ اس کے نفاذ کو منظور کرلیا تھا جبکہ صدر آصف علی زرداری‘ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے انہیں بتایا تھا کہ یہ حکومت کی مجبوری ہے اسے ہر حال میں نافذ کیا جائے گا مگر حیرت انگیز طور پر وہ سندھ میں اپنی ہی حکومت کو اب تک رضامند نہیں کرسکے ہیں۔ بعض حلقوں نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ نورا کشتی کے مترادف ہے صوبائی اسمبلی میں اچانک بل منظور کرلیا جائے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38