لاہور (خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں محکمہ تعلیم کے ہائر ایجوکیشن شعبے کی بہتری کے لئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے جن سے اس شعبے کی بہتری پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں لڑکے اور لڑکیوں کے ایک ایک کالج میں گریجوایشن کا چار سالہ پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے کالجز میں پوسٹ گریجوایشن کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ کمیونٹی کالجز میں فنی تعلیم کے ساتھ تمام کالجز میں کمپیوٹر و سائنس لیبز کی سہولتوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں کالجز میں کالج کونسلز کے قیام‘ اساتذہ کی تربیت اور ان کی ریکروٹمنٹ تیزی سے مکمل کرنے کے لئے جامع پالیسی اپنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چار گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں صوبے کے کالجز میں انرولمنٹ‘ طلبا و اساتذہ کے تناسب‘ امتحانی نتائج‘ امتحانی نظام میں اصلاحات اور کالج کی سطح پر بامقصد تعلیم کے فروغ کے حوالے سے بھی کئی ایک اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا معیاری تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ملک کی تیز رفتار ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا اور تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے اسے اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور آئندہ بجٹ میں تعلیم و صحت کے شعبوں کے لئے امسال سے بھی زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا حکومت پنجاب نے صوبے میں تعلیمی شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور سکولوں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے‘ ان کی تربیت اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور اب ہائر ایجوکیشن کی سطح پر بھی بہتری کے لئے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا تعلیمی شعبے کی بہتری اور طلبا و طالبات کی درس و تدریس میں تربیت کے عنصر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور حکومت نے سکول کی سطح پر اساتذہ کی تربیت کا موثر نظام اپنایا ہے اور اب کالج کی سطح پر بھی جہاں تربیت کا کوئی نظام موجود نہیں‘ اساتذہ کی معیاری تربیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کالج اساتذہ کی انڈکشن ٹریننگ کے ساتھ ریفریشر کورسز کا بھی باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کالج کونسلز کے قیام سے درسگاہوں کے معاملات کو زیادہ بہتر طریقے سے چلایا جا سکے گا۔ صوبے کے تمام اضلاع میں کالج کی سطح پر پوسٹ گریجوایشن کلاسوں کا اجرا بھی ایک اہم قدم ہے جس سے طلبا و طالبات کو مقامی سطح پر ہی یہ سہولت حاصل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب میں خواتین کے کالجز میں بھی پوسٹ گریجوایشن کلاسوں کا اجرا پروگرام میں شامل کیا جائے۔ قبل ازیں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے تفصیلی بریفنگ اور ہائر ایجوکیشن کی بہتری کے لئے سفارشات بھی پیش کیں۔ انہوں نے بتایا صوبے کے ہر ضلع میں طلبا و طالبات کے ایک ایک کالج میں سینٹرز آف ایکسی لینس منصوبے کے تحت گریجوایشن کا چار سالہ (بی ایس آنرز) کا پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ کمیونٹی کالجز میں گریجوایشن کے دو سالہ پروگرام اور فنی تعلیم کو بھی سلیبس میں شامل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اپنے ڈرائیور امجد سیفی کے گھر بھی گئے اور ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024