اسلام آباد(آن لائن) مقامی صنعتکاروں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد نئی صنعتی پالیسی کا اعلان کرے تا کہ انہیں ملک کے صنعتی مستقبل کی سمت کے بارے میں معلوم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور پیداوار کے وزیرمملکت ڈاکٹر آیت اللہ درانی نے جنوری 2010میں قومی اسمبلی کے ایک اجلاس میں یہ بیان دیا تھا کہ نئی صنعتی پالیسی کا اعلان اس سال مارچ میں کر دیا جائے گا لیکن ابھی تک اس جانب کوئی واضع پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد مقبول نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی میں تمام پیداواری شعبوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے تا کہ ان کے ترقی پانے سے معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی کر کے صنعتی ترقی کو فروغ دینے کی کوشش کی جائے۔ اس کے علاوہ ہر علاقے کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک کے مختلف علاقوں میںصنعتی گروپ قائم کئے جائیں جیسا کہ پہلے ہی سیالکوٹ میں فٹبال اور آلات جراحی کی صنعتوں کا گروپ قائم ہے جبکہ گوجرانوالہ میں پنکھوں اور دوسری الیکٹرک مصنوعات کی صنعتوں کے گروپ مشہور ہیں۔ زاہد مقبول نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی میں خاص طور پر گھریلو صنعت کو فروغ دینے پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائیں کیونکہ گھریلو صنعت کے ترقی پانے سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا اور ملک ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نے گھریلو صنعتوں کو فروغ دے کر حیرت انگیز ترقی حاصل کی ہے۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024