امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے پاسبان کے زیر اہتمام کراچی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا
کراچی پریس کلب کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کئے گئے مظاہرے کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان کراچی کے صدر اشرف حسین نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ کی رہائی سے توجہ ہٹانے کے لئے ٹائم اسکوائر واقعے کی سازش کو بنیاد بناکر شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ادھرنیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹرفوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت عافیہ صدیقی کی واپسی میں بے بس نہیں بلکہ بے حس ہے، وزیراعظم عافیہ صدیقی کو قوم کی بیٹی کہتے ہیں تواس کی رہائی میں ناکام کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی عافیہ صدیقی کی رہائی کے سلسلے میں کوششوں اور دعوؤں میں تضاد ہے۔ حکومت نے جن وکلاء کوعافیہ صدیقی کیس کی پیروی کے لئے بیس لاکھ ڈالرزدیئے، وہ امریکی سازش کا حصہ بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔