اپراورکزئی ایجنسی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے مزید پچیس شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں ادھر کرم ایجنسی سے گزشتہ روز اغوا کیے گئے ساٹھ افراد میں سے چالیس کو شدت پسندوں نے رہا کردیا ہے۔
اپر اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ، جو ڈبوری، دغہ سم، ولی قمراورگجر قلعے کے علاقوں میں تھے ۔ کارروائی میں مزیدپچیس شدت پسند ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوئے ۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے اب تک کی دو روزہ کارروائی میں چالیس شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں ۔ دوسری جانب کرم ایجنسی کے علاقہ توت کس میں چھیری موڑ سے گزشتہ روزشدت پسندوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والےساٹھ افراد میں سے چالیس کو رہا کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق باقی بیس مغویان میں سے دس کوشدت پسندوں نے وسطی کرم ایجنسی میں واقع اپنے خفیہ ٹھکانوں میں منتقل کردیا ہےجبکہ دس افراد شدت پسندوں کی تحویل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔