اربوں کی بدعنوانی میں ملوث ریلوے کے گیارہ افسران کی گرفتاری میں ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت کے صاحبزادے رکاوٹ بن گئے ہیں۔
روزنامہ نوائے وقت کی رپورٹ کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایت پرایف آئی اے حکام نے ریلوے سکریپ میں فروخت کے دوران اربوں روپے کی کرپشن اور بد عنوانی میں ملوث ، ریلوے کے گیارہ اعلیٰ افسران کو گرفتار کرنے کے لیے اجازت طلب کر لی ہے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ کے حکام نےان افراد کو گرفتار کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ وزارت داخلہ کےحکام سے رابطہ کرنے پرنوائے وقت کو بتایا گیا کہ ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت کے صاحبزادے کی ہدایت پران گیارہ افراد کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سکریپ کی فروخت میں اربوں کی کرپشن ہوئی ہے اورجب تک ان گیارہ افراد کو گرفتار نہیں کیا جائے گا تحقیقات مکمل نہیں ہو سکتیں ۔