قومی اسمبلی کی نشست این اے ایک سو سڑسٹھ بورے والا ضلع وہاڑی پر ضمنی الیکشن میں وزرأ کے ساتھ ایف سی اہلکاروں کی آمد پر ہنگامہ آرائی ہوئی
قومی اسمبلی کی نشست این اے ایک سو سڑسٹھ بورے والا ضلع وہاڑی کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر ایف سی اہلکاروں کی موجودگی سے صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ وہاڑی سے پولیس نے ایف سی کے چھ اہلکاروں کو حراست میں لے لیا ۔ گرفتار ایف سی اہلکاروں نے بتایا کہ انہیں ڈی آئی جی عنایت اللہ فاروقی نے بھیجا ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ایف سی کی تعیناتی غیر آئینی ہے۔ ہم وزیرداخلہ رحمان ملک کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔ ادھراسلام آباد سے وزارت داخلہ نے بھی وضاحتی بیان جاری کیا ہے ۔ بیان کے مطابق ایف سی اہلکار وفاقی وزرا کی سیکیورٹی کے لیے وہاں موجود تھے ۔ اگر یہ سیکیورٹی واپس لی گئی تو وزرا خطرے سے دو چار ہوسکتے ہیں۔ اِس سے پہلے حلقے کے بعض پولنگ سٹیشنز پر کارکنوں میں فائرنگ اور ہنگامہ آرائی بھی ہوئی ۔ چک دو سوترپن کے پولنگ سٹیشن پر سیاسی کارکنوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ چک دو سو انچاس کے پولنگ سٹیشن پر بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم پولنگ جاری رہی۔ عمومی طور پر بعض پولنگ سٹیشنز پر گہما گہمی نظرآئی البتہ مجموعی طور پر ٹرن آؤٹ کم رہا۔ این اے ایک سو سڑسٹھ کی نشست پر سابق ایم این اے نذیرجٹ کے بھتیجے اصغر جٹ پیپلزپارٹی کی طرف سے امیدوار تھے
جبکہ سید مہدی نسیم شاہ مسلم لیگ نون کے امیدوار تھے۔ آزاد امیدوار چودھری نذیر آرائیں بھی میدان میں تھے۔ حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد تین لاکھ تریسٹھ ہزار ترانوے ہے، جن کیلئے دو سو اٹھاسی پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے۔
جبکہ سید مہدی نسیم شاہ مسلم لیگ نون کے امیدوار تھے۔ آزاد امیدوار چودھری نذیر آرائیں بھی میدان میں تھے۔ حلقے میں ووٹروں کی کل تعداد تین لاکھ تریسٹھ ہزار ترانوے ہے، جن کیلئے دو سو اٹھاسی پولنگ سٹیشن بنائے گئے تھے۔