لاہور(نامہ نگار) سابق وزیراعظم پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا تنظیمی عہدے سے انصاف کرنیوالے نظام کو عمل میں لانا ہو گا اور ذاتی پسند نا پسند سے ہٹ کر تنظیمی عہدیداروں کی نامزدگی کرنا ہوگی۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کی صوبائی ٹاسک کمیٹی برائے تنظیمی امور کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں سیدحسن مرتضیٰ،نیلم جبار،میاں مصباح الرحمن، چودھری اسلم گل،اورنگزیب برکی،فیصل میر،نوید چودھری، عائشہ نواز چودھری، بشری منظور مانیکا،نسیم صابر، احسن رضوی، فرخ بصیر اور بشارت علی شریک تھے۔ چیئر پرسن پٹکام سید حسن مرتضیٰ نے اجلاس کے شرکاء کو کمیٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں شرکاء نے لاہور اربن ڈویژن کے نئے تنظیمی ڈھانچے پر اتفاق اور شیخوپورہ، ننکانہ، چنیوٹ اور ساہیوال کیلئے تنظیمی سفارشات کو حتمی شکل دی۔راجہ پرویز اشرف نے کہا نئے عہدیداروں کا تقرر کرتے وقت مخلص، باوسیلہ اور سسٹم کو سمجھنے والے آگے لائیں۔ بار بار تنظیم سازی نہیں کی جا سکتی۔ اس بد مزگی سے بچنا ہو گا۔
ذاتی پسند نا پسند سے ہٹ کر تنظیمی عہدیداروں کی نامزدگی کرنا ہوگی:راجہ پرویز اشرف
Mar 16, 2025