کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی ختم کرائیں: سراج الحق کا عمران، گوئٹرس کو خط
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیراعظم عمران خان، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوئتیرس اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ خط میں اپیل کی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی پر عائد ناروا اور غیر قانونی پابندی ختم کرانے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کریں۔ سراج الحق نے اپنے خط میں کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی اور اس کے ہزاروں کارکن تعلیمی و سماجی خدمات کا طویل ریکارڈ رکھتے ہیں۔ بھارتی حکومت کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور جماعت اسلامی کے کارکنان سے ان کا بنیادی حق چھین لے۔ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہر شخص کا بنیادی حق ہے، متعدد بین الاقوامی قوانین ہر فرد کے اس بنیادی جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ 1948ء کا انسانی حقوق ڈکلریشن اور 1966ء کا سماجی و سیاسی حقوق اعلامیہ ہر فرد کا یہ حق تسلیم کرتے ہیں کہ وہ بھر پور طریقے سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے، جماعت اسلامی پر پابندی لگا کر ان عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی کی گئی اور جماعت اسلامی کے سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے خط میں کہاہے کہ بھارتی حکومت کی ظالمانہ اور متعصبانہ پالیسیوں کے سبب مقبوضہ کشمیر جہنم زار بن چکا ہے۔ کشمیری حق استصواب رائے چاہتے ہیں۔