سندھ کے حکمران اپنے لوگوںکو فتح کررہے ہیں: مصطفی کمال
کراچی(نیوز رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ کے حکمران اپنے ہی لوگوں کو فتح کرنے میں مصروف ہیں۔ لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں، تھر میں 23 بچے ایک ماہ میں خوراک کی کمی کی نظر ہو گئے۔ پہلے گھوسٹ ملازمین ہوتے تھے آج سندھ میں 8 ہزار گھوسٹ اسکولز ہیں۔ لیکن سندھ حکومت اصل مسائل پر توجہ دینے کے بجائے کراچی کے دو ٹکڑے کرنے میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اراکین نیشنل کونسل کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ظلم اور تعصب پر مبنی اقدام کی کھل کر مذمت کرتے ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی نے سب کو ساتھ ملا کر کراچی کا امن بحال کیا ہے۔ آج کراچی میں علاقے لسانی اور پارٹی پرچموں کی بنیاد پر نہیں بٹے ہوئے۔ لوگ کسی بھی علاقے میں بلا خوف و خطر آ جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو سندھ کی عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتے۔ سندھ حکومت کے ریکارڈ کے مطابق وہ ایک ہزار ارب روپے صرف تعلیم پر خرچ کر چکے ہیں لیکن جو بچے اسکولوں میں ہیں ان کی تعلیم کا بھی کوئی پرسانِ حال نہیں، ایک ہزار ارب خرچ کرنے کے بعد 70 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔