مذاکرات ہی مسائل کا حل، بھارت ہٹ دھرمی نہ کرے: چودھری سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کر تارپور راہداری کو جلد آپریشنل کرنے پر پاکستان بھارت اتفاق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو سمجھ لینا چاہیے تنگ نظری اور ہٹ دھرمی سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ ان میں اضافہ ہو گا اس لیے مذاکرات ہی مسائل کا بہتر ین حل ہے۔ پاکستان قائد اعظم کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کو انکے حقوق فراہم کر رہا ہے اور پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی آزادی ہے دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں، مذہبی مقامات پر سیاحت کے فروغ کیلئے بھر پور اقدامات کیے جا رہے ہیں، بابا گرونانک کے550جنم دن کی تقریبات میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے شرکت کیلئے آنیوالے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولتوں کے ساتھ ساتھ فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ وہ گورنر ہائوس لاہور میں مذہبی مقامات پر سیاحت کے فروغ اور بہترین معیار کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے قائم کر دہ ’’مذہبی سیاحت اور ورثہ کمیٹی‘‘ کے اجلا س سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، صوبائی وزراء یاسر ہمایوں، سید سعید الحسن شاہ ‘ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور مشتاق احمد‘ سیکرٹری پی اینڈ پی افتخار ساہو‘ صوبائی سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شاہ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات وہائر ایجوکیشن مومن آغا‘ سیکرٹری سیاحت ندیم محبوب‘ سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران مسلمانوں سمیت تمام مذاہب کے مذہبی مقامات پر سیاحت کے فروغ اور سہولتوں کی فراہمی اور انکی تزین و آرائش کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرتار پور راہدری منصوبہ دنیا بھر کے سکھوں کیلئے پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایک شاندار تحفہ ہے۔