نیوزی لینڈ میں مساجد پر فائرنگ انتہائی قابل مذمت ہے:خواتین رہنما
لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین نے نیوزی لینڈ کی مساجد میںدہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں تحریک انساف کی ارکان پنجاب اسمبلی شمسہ علی اور طلعت نقوی نے کہا کہ جو کچھ ہوا بہت افسوسناک ہیں، ہم شہدا اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتی ہیں جس کی وجہ سے ہنستے بستے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ثمینہ گھرکی اورجنرل سیکرٹری سونیا خان نے کہا کہ 49 نمازیوں کی شہادت پر دل بہت افسردہ ہے، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مسلم لیگ ن شعبہ خواتین لاہور کی سدر شائستہ پرویز ملک اور زرقا جاوید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں حملے پر دل بہت دکھی ہے ، واقعہ میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے ، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے بھاگ کر جان بچائی ، اس پر نیوزی لینڈ کی حکومت شفاف کارروائی کرے تاکہ شہداء کے خاندانوں کو انصاف مل سکے اور لاپتہ پاکستانیوں کوبھی فوری طور پر تلاش کیا جائے۔