بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنیوالے اصل ہیرو ہیں:ندیم سرور
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے اصل ہیرو ہیں، ایران کے شہر زاہدان میں ہونے والے تیسرے انٹرنیشنل پارس ووشو کپ میں ووشو کے مردوخواتین کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیسرے انٹرنیشنل ووشو کپ میں میڈلز جینے والے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا، ووشو کے کھلاڑیوں نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصراور پاکستان ووشو فیڈریشن کے صدر ملک افتخار بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ ووشو کا کھیل نوجوانوں میں مقبول ہے۔ ووشو کے فروغ کیلئے تعاون کرتے رہیں گے،کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں تاکہ ان کا کھیل بہتر ہو۔ کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے بین الاقوامی کوچز کو بلائیں گے ۔