جمہوریت نہیں بڑے ڈاکو خطرے میں ہیں، مسلم لیگ ن، پی پی نے ’’میثاق کرپشن‘‘ کیا: عمران
باجوڑ+اسلام آباد+لاہور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں+نیوزرپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مک مکا کی پارٹنر شپ توڑ دی۔ جنگ نہیں چاہتے مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملکی خوشحالی کیلئے مودی سے بات کرنے کو بھی تیار ہیں۔ 10 سالہ پارٹنر شپ میں میثاق جمہوریت نہیں میثاق کرپشن ہے۔ جمہوریت میں بڑے ڈاکے خطرے میں ہیں، مسلم لیگ ن، پی پی میں 10 سالہ میثاق کرپشن ہوا تھا ۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اب کوئی این آر او سائن نہیں ہوگا این آر او کی وجہ سے ملکی قرضہ بڑھا ملک کا پیسہ لوٹنے والوں سے مفاہمت نہیں ہو سکتی ملک کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی لحاظ سے برے وقت سے گزر رہا ہے بڑی جماعتوں نے ملک کو مقروض کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کیا ہے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں رروزگار تعلیم کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا ان کا مزید کہنا تھا کہ باجوڑ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے باجوڑ میں چھوٹی صنعتوں کیلئے زون بنائے جائیں گے صحت اور تعلیم کے شعبے میں 8 ہزار نوکریاں لا رہے ہیں بجلی کا مسئلہ بھی حل کریں گے باجوڑ کے لوگوں کو انٹرنیٹ کی سہولت جلد دیں گے باجوڑ کے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے دیں گے این ایف سی ایوارڈ کا 3 فیصد قبائل علاقے پر خرچ کریں گے قبائلی علاقوں کو اوپر اٹھانے کیلئے صوبوں کو مدد کرنا ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ باجوڑ آنے کی بہت کوشش کر رہا تھا لیکن حالات بہت مشکل ہے قبائلی علاقے کے لوگوں کو جنگ سے نقصان پہنچا، ہر مشکل کے بعد اللہ آسانی پیدا کرتا ہے انشاء اللہ آپ کا آسانی کا وقت شروع ہو گیا بھارت میں الیکشن ہے اور وہاں کیلئے ایک جماعت نفرتیں پھیلا کر جیتنا چاہتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں کو کرپشن سے پاک رکھا جائے اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مہمند کے ہیڈ کوارٹر غلہ نئی میں قبائلی علاقہ جات سابقہ فاٹا کے صوبہ خیبر پی کے میں انضمام کے حوالے سے انتظامی اصلاحات او رسکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وفاقی حکومت کے روڈ میپ کی تکمیل سے متعلق بریفنگ دی گئی وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ انضمام شدہ علاقوں میں عدالتی نظام کلیدی اہمیت کا حامل ہے انضمام شدہ علاقوںکے ترقیاتی منصوبوں کو کرپشن سے پاک رکھا جائے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثناء وزیراعظم نے نئی ایوی ایشن پالیسی 2019ء کے مسودے پر اظہار اطمینان کیا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق وزیراعظم نے پالیسی کے مسودے کو وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی پالیسی میں تجارتی ائر لائنز اور دیگر آپریٹرز کے لائسنس کی میعاد دو سال کرنے کی تجویز ہے پائلٹس اور کیبن کریو کے لائسنس کی میعاد پانچ سال کرنے کی تجویز ہے ٹورازم پروموشن اینڈ ریجنل انٹی کرپشن متعارف کروایا جا رہا ہے۔ نئے لائسنس کے تحت فلائٹس پر سی اے اے کے چارجز ختم کرنے کی تجویز ہے نئی پالیسی کے بعد فضائی سفر کے نرخوں میں کمی کا امکان ہے۔ ڈومیسٹک فلائٹس پر سی اے چارجز ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ خواتین پائلٹس کو ٹریننگ کی مد میں 4 لاکھ روپے مالی معاونت کی سفارش کی گئی۔