ماضی میں ترقی کے دعوے ہوئے، ہم نے پسماندہ علاقوں پر توجہ دی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اسی لئے جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی چاہتی ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کا اندازہ ہے۔ پنجاب کے پسماندہ اضلاع کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں گے اور جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کوخوشحالی میں بدلیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پسماندہ علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے جبکہ ماضی میں صرف ترقی کے دعوے مخصوص علاقوں تک محدود رہے اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا اور سابق دور میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے جبکہ ہم نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے اور ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہو گا۔ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے ملاقات کی ،جس میں امن و امان کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کیے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور حکومت کے ٹھوس اقدامات کے باعث ملک امن کی طرف گامزن ہے۔ امن عامہ کی صورتحال میں بہتری سے عالمی سطح پر ملک کاامیج بحال ہوا ہے اور پاکستان میں امن عامہ کی صورتحال میں بہتری سے غیرملکی سرمایہ کاری کے مواقع بڑھیں گے کیونکہ ملک میں امن کاروباری طبقے کیلئے معاشی استحکام کیلئے راہ ہموار کرتا ہے۔ انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قانون کی بالا دستی اور عملداری کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ اصلاحات کا محورعوام کوفوری ریلیف اور انصاف فراہم کرنا ہے۔ عثمان بزدار نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد میں فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔