قائمہ کمیٹیوں میں بھی چائے پانی بند ہونے پر پیپلزپارٹی کی خواتین ارکان کا احتجاج
اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور نے وزارت پارلیمانی امور کے حکام کی بریفنگ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں بھی کفایت شعاری مہم شروع کر دی گئی، چائے اور پانی بند ہونے پر پیپلز پارٹی کی خواتین ارکان نے احتجاج کیا۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ ایک جانب وزارت کا بجٹ بند ہورہا ہے تو دوسری جانب ہماری چائے بھی بند ہوگئی ہے۔ چیئر مین کمیٹی نے جواب دیا کہ ویسے بھی آگے رمضان آرہا ہے۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ ہمارے پاس رمضان سے پہلے رمضان آگیا ہے۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ ہمیں پتہ ہے یہ کام وزیر اعظم کی جانب سے کیا جارہا ہے۔ رکن پیپلز پارٹی شمس النساء نے کہاکہ کم سے کم پانی تو دینا چاہیے۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ لوگ کوشش کرتے ہیں کہ وہ اپنی درخواست وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو ہاتھ میں دیں۔ شگفتہ جمانی نے کہاکہ اگر وزیر اعظم ہاؤس سے بھی لوگوں کے مسائل حل نہ ہوں تو لوگ کہاں جائیں۔ اب تو یہ حال ہے کہ کمیٹی میں چائے اور پانی بھی بند کردیا گیا ہے۔ پارلیمانی امور کی وزارت کا کردار پوسٹ مین جیسا بن گیا ہے۔