فائرنگ سے زخمی سب انسپکٹر محمد اکرم بٹ بھی جام شہادت نوش کرگئے
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ صادق آباد کے علاقے میں دو نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس ناکے پر زخمی ہونے والا ناکہ انچارج سب انسپکٹر محمد اکرم بٹ بھی موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد جمعہ کے روز جام شہادت نوش کرگئے جس سے شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد تین ہوگئی ہے قبل ازیں ناکے پر ڈیوٹی دینے والے اہلکار محمدزعفران اور ساجد شہید ہوگئے تھے 21 فروری کی شام صادق آباد چوک میں نامعلوم حملہ آوروں نے ناکے پر موجود تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا پہلے روز کانسٹیبل محمد زعفران بینظیر بھٹو ہسپتال پہنچتے ہی شہید ہوگئے تھے چند روز بعد پولیس اہلکار ساجد بھی شہید ہوئے تھے جبکہ جمعہ کے روزبینظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج سب انسپکٹر محمد اکرم بٹ بھی شہید ہوگئے شہیدسب انسپکٹر کے پسماندگان میں بیوہ ، تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔ سب انسپکٹر محمد اکرم بٹ کی نماز جنازہ جمعہ کی شب پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کردی گئی نماز جنازہ میں ایس ایس پی آپریشنز علی اکبر شاہ ، ایس پی انویسٹی گیشن محمد فیصل اور دیگر افسران نے شرکت کی پولیس افسران نے شہید کی میت پر پھول بھی نچھاور کئے ۔