دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کا خواہشمند ہوں،سندیپ لمی چنے
کراچی (سپورٹس ڈیسک ) )پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز سے کھیلنے والے سندیپ لمی چنے کا کہنا ہے کہ انہیں کراچی میں کرکٹ کھیل کر اچھا لگا اور دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں، یہاں آنے کے لیے بے چین رہیں گے۔پی ایس ایل کو دیے اپنے انٹرویو میں نیپال سے تعلق رکھنے والے لاہور قلندر کے کھلاڑی سندیپ لمی چنے نے کہا ہے کہ مجھے کراچی کا دورہ کرکے بہت اچھا لگا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر پاکستان آنا چاہتا ہوں جس کے لیے میں بے چین ہوں اور اب چاہے اس کے لیے میں پی ایس ایل میں ہی واپس آوں یا پھر نیپال کی بین الاقوامی ٹیم کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کروں۔لمی چنے کا کہنا تھا کہ میں دوبارہ پاکستان آنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرسکتا اور اسی وجہ سے خواہش ہے کہ جلد نیپال کی ٹیم کے ساتھ بھی پاکستان کا دورہ کروں، مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں مزید کرکٹ آئے گی۔