پنجاب فوڈ اتھارٹی میٹ سیفٹی ٹیموں کی ناقص گوشت کے خلاف کاروائیاں ، صوبہ بھرمیں814 میٹ پوائنٹس کی چیکنگ
پنجاب فوڈ اتھارٹی میٹ سیفٹی ٹیمز کی صوبہ بھر میں 814 میٹ پوائنٹس کی چیکنگ کی، مختلف شہروں میں 41 میٹ پوائنٹ سیل کر دیے گئے 121 کو جرمانہ،جبکہ 216 کو وارننگ نوٹس جاری کئے گئے،416 کلو ناقص چکن، مٹن اور بیف موقع پر تلف کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میٹ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں چکن، مٹن اور بیف پوائنٹس پر مہیا کئے جانے والے گوشت کے معیار کی چیکنگ کی، مارکیٹس کے علاوہ سپر سٹورز اور شاپنگ سنٹرز میں لگے گوشت کاونٹرز بھی چیک کیے گئے ۔جبکہ مختلف شہروں میں 41 میٹ پوائنٹ سیل کر دیے،لاہور میں ٹولنٹن مارکیٹ کے 4 پوائنٹس سمیت کل 19 پوائنٹس سیل کیے گئے۔نارتھ پنجاب میں 11 سیل، 47 کو جرمانے، ساوتھ پنجاب میں 9 سیل اور30 کو جرمانہ کیا گیا۔416کلو ناقص چکن، مٹن اور بیف موقع پر تلف کر دیا گیا۔انھوں نے مزید کہا کہ بہترین گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی میٹ سیفٹی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔معیار برقرار رکھنے کے لیے میٹ سیفٹی ٹیمیں باقاعدگی سے معیار کی چیکنگ کرتی ہیں۔گوشت کے کاروبار سے منسلک افراد کے لیے خصوصی ٹریننگ کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔صحت مند جانور کی پہچان، گوشت کی تیاری، حفظان صحت کے اصولوں اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سٹینڈرڈز کی ٹریننگ دی جائے گی۔ ناقص اشیاء کے خاتمے کے لیے آپریشن اور تربیت کی باہمی حکمت عملی کی بنیاد پر کام جاری ہے۔