جھوٹ اور فریب کی سیاست کرنے والے قوم کے رہنما نہیں ہو سکتے : پرویز ملک ، عمران نذیر
لاہور(خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر ورکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نے کہا ہے کہ زرداری نیازی گٹھ جوڑ نے پنجاب کی ترقی سے خائف سوچ سے جنم لیا،ہم پاکستان کی ترقی اور عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈا کے خوف نے جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کو متحد ہونے پر مجبور کیا۔ نیازی نے ملک کی سب سے بڑی بیماری کو گلے لگا کر نوجوانوں اور عوام کو مایوس کر دیا،جھوٹ اور دغابازی کی سیاست کرنے والے قوم کے رہنما نہیں ہو سکتے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں سے توانائی بحران اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔ لاہور، ملتان، اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام جدید ترین اور آرام دہ ٹرانسپورٹ سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی میٹرو کی طرح دنیا کی شاندار ٹرانسپورٹ لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور دفتر میں عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی سینیٹرڈاکٹر اسد اشرف،رمضان صدیق بھٹی، چوہدری شہباز ،سید توصیف شاہ، عامر خان،تنویر ضیا بٹ،چوہدری عبدالمجید چن نمبردار، جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔