حضرت امام محمد باقر ؑ کی علمی خدمات انسانیت کا اثاثہ ہیں، ڈاکٹر زہراگل
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) ام البنین ڈبلیو ایف ، سکینہ جنریشن ،گرلز گائیڈ اور انجمن دختران اسلام کے زیر اہتمام جشن باقرالعلوم بسلسلہ ظہورپرنورحضرت امام محمدباقر مرکزی امام بارگاہ جامعہ المرتضیٰ جی نائن فورمیں منعقدہوا جس میں کثیرتعدادمیں خواتین نے شرکت کی ۔ اس موقع پرجشن کاکیک بھی کاٹ گیا۔ ڈاکٹرخانم زہراگل نے کہاکہ وطن عزیز کو ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے حکمرانوں کو جادہ محمد و آل محمد ؐ پر چلتے ہوئے علم کے نور کو عام کرنا ہوگاامام محمد باقر ؑ کی علمی خدمات انسانیت کا اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ قرابت دارانِ مودت میں سے ایک عظیم ترین فرد حضرت امام محمد باقر علیہ السلام ہیں جو مشکلات علوم کو شگافتہ کرنے والے ہیں ۔ ذاکرہ شہر بانو نقوی نے کہاکہحضرت امام محمد باقر ؑ نے عرصہ حیات میں قدم رنجا فرما کر علمی و روحانی حیات کا آغا ز فرمایا۔اس وقت دنیا ئے دین و شریعت کو ایک علمی ماحول اور فکری جد و جہد کی بناء پر آپ ؑ جیسی شخصیت کی اشد ضرورت تھی جو دنیائے اسلام کو کفر کی دھمکیوں ، باطل عقائد و نظریات اور غلط تبلیغات سے محفوظ رکھے اورباطل عقائد کو انسانیت پر مسلط ہونے سے روک سکے کیونکہ ان کا شافی و وافی جواب آپ ؑ ہی دے سکتے تھے آپ ؑ ہی پیغمبر اکرم ؐ کے وارث حقیقی ، قرآن اور فلسفہ اہلبیت کے مکتب روحانی کے تربیت یافتہ اور علوم الٰہی و معارف دنیا کے شگافتہ کرنے والے تھے، اسی لئے علامہ حجر عسقلانی رقم تراز ہیں کہ امام محمد باقر ؑ نے علوم و معارف کے رمو ز و اسرار کو واضح کیا اور اس قدر علوم و حقائق بیان فرمائے کہ سیاہ دلوں اور بصیرت کے اندھوں کے علاوہ کوئی ان کا انکار نہیں کر سکتا ۔