عدالتی بیلف کے ذریعے چوکی گلزار قائد سے برآمد ہونیوالا ملزم عدم ثبوت پر رہا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج گلزار خالدنے عدالتی بیلف کے ذریعے چوکی گلزار قائد سے برآمد ہونے والے ملزم کو عد م ثبوت کی بنا پر رہا کر دیا۔عدالتی احکامات پر گزشتہ روز بیلف نے پولیس چوکی گلزار قائد پر چھاپے کی رپورٹ اور ملزم ثاقب طارق کو عدالت میں پیش کیا، بیلف نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بیلف کے چوکی پر چھاپہ مارنے کے ایک گھنٹہ بعد روز نامچہ پیش کیا گیا جس پر قوی یقین ہے کہ رپٹ پہلے نہیں بلکہ بعد میںلکھتے ہوئے گرفتاری ڈالی گئی، اس موقع پر چوکی انچارج سب انسپکٹر نے کہا کہ انہوں نے ملزم ثاقب طارق کو ڈکیتی کے ایک مقدمہ نمبر 134/18 میں ہونے کے شک کی بنا پر پکڑا تھاملزم کے وکیل ثنا اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ دفعہ54 کے تحت بھی کسی کو حراست میں لینے کیلئے پولیس کو بہت سے ضروری امور مکمل کرنے ہوتے ہیں، لیکن اس سلسلے میں پولیس نے کچھ بھی نہیں کیا اس لئے کہ ملزم بے گناہ ہے جس پر ایڈیشنل سیشن جج گلزار خالد نے ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیابعد ازاں چوکی انچارج محمد اسلم سب انسپکٹر نے ملزم ثاقب طارق کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے بیان دیا کہ ملزم ثاقب طارق کو مقدمہ نمبر134/18 میں شک کی بنا پر گرفتار کیا تھا لیکن ملزم مقدمہ ہذا میں بے گناہ پایا گیا لہذا اسے رہا کر دیا جائے اس بیان پر سول جج محمد اویس نے ملزم ثاقب طارق کو رہا کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔