کراچی میں پولیس شہداء کے لئے مختص 309 ایکڑ اراضی پر قبضہ
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے پولیس کے شہداء کے لئے مختص زمین پر قبضہ ہوگیا۔ پولیس کے شہداء کے لواحقین کو پلاٹ دینے کے لئے زمین نہیں‘ شہداء کے لواحقین اعلان کردہ پلاٹوں سے محروم، سرجانی ٹائون کے سیکٹر 52 میں پولیس شہداء کے لواحقین کوپلاٹ دینے کے لئے حاصل کردہ 309 ایکڑ زمین کے بڑے حصے پر قبضہ مافیا نے تعمیرات قائم کرلیں۔ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسران نے تعمیر شدہ دینی مدرسہ کو پرانا اور آٹھ ایکڑ اراضی پر کشمیر ریلی کے نام سے تعمیرات کو پرانی آبادی قراردیتے ہوئے جائز قرار دیدیا جبکہ ایک گروہ پچاس ایکڑ اراضی پر حق ملکیت کا دعویٰ کربیٹھا۔ پولیس شہداء کے نام پر سرجانی ٹائون سیکٹر 52 میں خداکی بستی کے نزدیک واقع یہ 309 ایکڑ اراضی سندھ پولیس نے چند سال قبل حکومت سندھ سے حاصل کی تھی۔ واضع رہے کہ فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے پولیس ا فسران اور جوانوںکے لواحقین کیلئے 50 لاکھ روپے کی مالی امدادکے علاوہ شہید کے بچوں کے لئے محکمہ پولیس میں دو ملازمتوں‘ مفت تعلیم‘ ریٹائرمنٹ کی عمرتک تنخواہ کی ادائیگی اور ایک پلاٹ کااعلان کیا جاتاہے۔ تاہم شہداء کے لواحقین قبضہ مافیا کی وجہ سے ابھی تک پلاٹوں سے محروم ہیں۔ اس بارے میں اے آئی جی پولیس ویلفیئر غلام اظفر مہیسر کا کہناہے کہ قبضہ مافیا سے زمین واگزار کرانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔