پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے میںپیپلزپارٹی کی قربانیاں لازوال ہیں: بلاول
حافظ آباد+ ونیکے تارڑ(نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بلاول بھٹو نے کہا پیپلز پارٹی نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے لازوال قربانیاں دیں‘ غریب ، محنت کش عوام کے حقوق کے آواز جس طرح پی پی پی نے بلند کی ہے اسکی مثال ملنا مشکل ہے ۔و ہ گذشتہ روز یہاں پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکریٹریٹ میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے ہولو گرام کے ذریعے خطاب کررہے تھے۔ بلاول بھٹو نے کہاملک میں اس وقت جو بے یقینی‘ مایوسی کی فضا قائم ہے۔ہم ملک کے بحرانوں کے گرداب سے نکالنے کے لئے میدان عمل میںنکل آئے ۔ ہماری تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ پی پی پی کے کارکنوں نے ہر دور میں ملک میں جمہوریت کی بحالی ‘ آمریت کے خاتمہ کے لئے جو جدوجہد کی وہ سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔کارکنوں اور مقامی راہنمائوں پر زوردیا کہ وہ پارٹی کی ممبرسازی کے لئے گلی گلی قریہ قریہ پھیل جائیں تاکہ پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط کرکے ملک کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکے۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک محمد وزیر اعوان ، سیکریٹری اطلاعات سید مصدق غزنوی، خواتین ونگ کی ضلعی صدر خالدہ شاہد اعوان ایڈووکیٹ ، محمد شفیق راہی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آج بھی بھٹو زندہ ہے کے نعرے لگائے گئے۔