تحفظ صارف ایکٹ کے تحت صارفین کو بہت زیادہ حقوق دیے گئے ، عدنان کریم
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) صارفین کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر آگہی مہم طلباء و اساتذہ کو قانون تحفظ صارف کے بارے معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی کی طرف سے عالمی یوم تحفظ صارفین پر آگاہی مہم کے سلسلہ میں پولی ٹیکنک انسٹیٹویٹ راولپنڈی میں طلباء اور اساتذہ کو قانون تحفظ صارف کے انکے حقوق کے بارے میں آگاہ کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر پروٹیکشن کونسل راولپنڈی عدنان کریم نے کہا کہ پنجاب تحفظ صارف ایکٹ کے تحت صارفین کو بہت زیادہ حقوق دیے گئے ہیں ناقص و غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنے والوںکے خلاف کنزیومر پروٹیکشن کونسل نے لاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے سلیم چوہدری نے کہا کہ گارنٹی و وارنٹی میں اشیاء تبدیل نہ کرنے والوں اور ناقص خدمات فراہم کرنے والے اداروں سے اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے کنزیومر کونسل اور کنزیومر کورٹ بہترین فورمز ہیں چوہدری ساجد محمود جٹ نے کہا کہ آج کل الیکٹرونکس اشیاء کی وارنٹی کلیم نہ کرنے کے بہت کیس زیر سماعت ہیں اور ایسے کیسز میںصارفین کو بہت ریلیف حاصل ہوا ہے دریں اثناء عالمی یوم تحفظ صارفین کی مناسبت سے کنزیومر کونسل کے اہلکاروں نے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے ۔