ٹائون شپ میں گیس لیکج سے دھماکہ، 3 گھروں کو نقصان، ایک شخص زخمی
لاہور (نامہ نگار) ٹائون شپ کے علاقے میں گیس لیکج کی وجہ سے زور دار دھماکے سے تین گھروں کو جزوی نقصان پہنچا اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ٹائون شپ کے علاقہ اے ون میں آصف عزیز ایڈووکیٹ کے گھر میں سرونٹ کوارٹر کے اندر گیس پائپ کے لیک ہونے کی وجہ سے گیس بھر گئی ۔جس سے زور دار دھماکہ ہوا ۔جس سے آصف عزیز اور انکے گھر سے ملحقہ دو تین گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔دیواریں اور کمرے زمین بوس ہونے کے علاوہ عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ احسن نامی ملازم شدید زخمی ہوگیا۔زور دار دھماکے کی آواز سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملنے پر امداد ی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔زخمی ملازم کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔