مقامی صحافی انجم منیب کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار ، آلہ قتل بھی برآمد
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ سول لائن نے مقامی صحافی انجم منیب کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا جس سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے ملزم نے فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں گرنے پر مقتول کے سر پر بھی دو گولیاں ماردی تھیں یہ انکشاف ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی محمد بن اشرف نے جمعرات کو تھانہ سول لائن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقر پر ایس پی پوٹھوہار سید علی ، ڈی ایس پی سول لائن سرکل کاظم نقوی اور ایس ایچ او یاسر بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے کہا کہ ملزم کا نام قیصر رحمٰن ہے جو مقتول صحافی کے ساتھ ہی مقامی اخبار میں پیج میکر ہے اس نے دوران تفتیش بتایا کہ مقتول اس کے ساتھ قابل اعتراض حرکات کرتا تھا جس پر وہ پنج سڑکی کے قریب اس کی دھاک میں کھڑا ہوگیا جب وہ انجم منیب آیا تو اس وقت بارش ہورہی تھی اس پر میں نے پستول سے فائرنگ کی تو وہ گرگیا جس کے بعد اس کے سر میں دو گولیاں ماریں ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ رائیونڈ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردی کے واقعہ کے بعد راولپنڈی میں آئی جی پنجاب کے حکم پر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے پولیس گشت اور ناکہ بندیاں بھی بڑہا دی گئی ہیں 23 مارچ کی سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس اور حساس ادارے راولپنڈی میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں راولپنڈی میں جو افراد شناختی کارڈ سمیت دستاویزات کے بغیر رہ رہے ہیں انکو پکڑا جا رہا ہے تاکہ ان کی راولپنڈی میں موجودگی کی تفتیش ہوسکے انہوں نے کہا کہ نیو ٹائون اور صادق آباد کے علاقوں میں سٹریٹ کرائم زیادہ ہونے پر ایس ایچ اوز کو سخت محنت سے کام کرنے اور پولیس گشت موثر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں راولپنڈی میں جو قتل تاحال اندھی واردات کے طور پر موجود ہیں ان پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے راولپنڈی میں جن تھانوں کی عمارتیں بوسیدہ ہیں یا بن رہی ہیں اس بارے میں متعلقہ اتھارٹی تک اپنی ضروریات بھجوا دی جاتی ہیں ۔