اعصاب شکن گیس حملوں کا ذمہ دار روس، سلامتی کونسل کارروائی کرے: برطانیہ، امریکہ
نیویارک (نیوزایجنسیاں) لندن میں روسی ڈبل ایجنٹ پر اعصاب شکن گیس کے حملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے حملے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ برطانوی اور امریکی مندوبین کا کہنا ہے کہ گیس حملے کا ذمہ دار ماسکو ہے۔ اقوام متحدہ میں برطانوی مندوب ایلن اور امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ شام اور برطانیہ میں اعصاب شکن گیس حملوں کا ذمے دار روس ہے۔ سلامتی کونسل کو ماسکو کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ ہیلی کا کہنا تھاکہ شام میں روس شہریوں پر اعصاب شکن گیس حملے کر رہا ہے۔اس سے پہلے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانوی سرزمین پر روسی ڈبل ایجنٹ پر اعصاب شکن گیس حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ خود مختار ملک کی سرزمین پر حملے کسی بھی صورت قبول نہیں کئے جائیں گے۔ امریکہ کے علاوہ فرانس اور جرمنی نے بھی برطانیہ کے ساتھ اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے لیکن ساتھ ساتھ فرانس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ روس پر مزید الزامات سے پہلے ان کے خلاف ثبوت بھی پیش کئے جائیں۔ برطانوی وزیر دفاع گیون نے کہا کیمیائی ہتھیاروں سے تحفظ کے لئے 67 ملین ڈالر خرچ کئے جائیں گے۔