پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت بحال کرنے پر مسلم ہینڈزپاکستان کی مبارکباد
اسلام آباد( سپورٹس رپورٹر)مسلم ہینڈزپاکستان کے کنٹری مینیجر سید ضیاء النور نے فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت بحال کرنے پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات اور جنرل سیکرٹری احمد یار لودھی کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفانے تاریخ ساز فیصلہ دیا ہے جس پر وہ پاکستان بھر کے فٹ بال شائقین اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو تباہ کر کے رکھ دیا۔ پچھلے تین سالوں سے ادارے کا بہت وقت ضائع ہوا اور حقیقت میں ہم کئی دہائیوں پیچھے چلے گئے ہیں ۔ ہمارے کھلاڑی بے روزگار ہو چکے ہیںجبکہ اداروں کی ٹیمیں ختم ہو چکی ہیں۔ تاہم انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ فیصل صالح حیات اور ان کی ٹیم قلیل وقت میں یہ نقصان پورا کر لیں گے اور ملک میں فٹ بال کودوبارہ عروج آئے گا۔ یاد رہے کہ مسلم ہینڈزپاکستان کی سٹریٹ چائلڈفٹ بال ٹیم مئی کے پہلے ہفتے میں ماسکو میں کھیلے جانے والے سٹریٹ چائلڈفٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے روانہ ہورہی ہے۔