قلعہ سیف اللہ میں دھماکہ، گھر تباہ، ایک شخص جاںبحق، 7 زخمی
قلعہ سیف اللہ (زین اللہ کاکڑ) بلوچستان کے شہر قلعہ سیف اللہ میں گھر کے اندر بارودی مواد پھٹنے سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے گھر کے سربراہ 75 سالہ شیخ عبدل جوگیزئی ہلاک جبکہ 7 دیگر زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکہ قلعہ سیف اللہ شہر میں واقع اولڈسٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب گھر میں ہوا جس کے نتیجے میں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ زخمیوں میں 30 سالہ محمد رحیم ولد نادر‘ 28 سالہ انور شاہ ولد عبدالغفار‘ 11 سالہ شاہ زانہ‘ 19 سالہ گلبدین ولد عبدالغفار معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا جبکہ 7 سالہ نبیلہ بنت نعمت اللہ‘ 48 سالہ خمازو بی بی اور 33 سالہ فیروز بی بی کو شدید زخمی ہونے کے باعث کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او منظور بلیدی کے مطابق دھماکہ گھر میں کھڑے ٹریکٹر ٹرالی میں موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوا جس کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔
قلعہ سیف اللہ / دھماکہ