دشمن نے رائیونڈ میں بزدلانہ کاروائی کی، روشنیاں بحال، امن آگیا: احسن اقبال
اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں امن آگیا ہے البتہ اکا دْکا واقعات سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آج چین کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے، مضبوط معیشت وخوشحالی ہوگی توکوئی میلی نگاہ سے نہیں دیکھ سکے گا جبکہ معیشت نہیں سنبھالی تو نوجوانوں کو پاکستانیت سمجھ نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بیڑہ غرق و ستیاناس کا بیانیہ دیا جاتا ہے جو غلط ہے۔ ہمارے پاس بہت سی کامیابیاں ہیں۔ آج ریاست چڑھائی پرہے اور دہشتگرد محاصرے میں ہیں، پہلے لوگ کراچی چھوڑنے کی باتیں کرتے تھے، اب کراچی میں پی ایس ایل آرہا ہے۔ احسن اقبال نے لاہور دھماکے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے رائے ونڈ میں بزدلانہ کارروائی کی، بزدلانہ واقعات سے بڑے قومی منصبوبے متاثر نہیں ہوں گے، مؤثر حفاظتی انتظامات سے رائے ونڈ میں بڑی تباہی سے بچ گئے، ہمارے حفاظتی انتظامات کافی مؤثر ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن دیکھ رہا ہے کہ پاکستان میں روشنیاں بحال ہو رہی ہیں، ملک میں امن آگیا ہے،کھیل کے میدان آباد ہو رہے ہیں، اکا دْکا واقعات سے کوئی فرق نہیں پڑیگا، سکیورٹی ادارے چوکس ہیں اور قومی منصوبے پلان کے مطابق جاری ہیں۔
احسن اقبال