جعلی حلف نامہ، الیکشن کمشن نے علیم خان کو دلائل دینے کا آخری موقع دیدیا
اسلام آباد(آن لائن) الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامے جمع کرانے کے معاملے پر تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو دلائل دینے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کر دی۔ جمعرات کے روز الیکشن کمشن میں سپیکر قومی اسمبلی سردار آیاز صادق کی جانب سے لاہور کے حلقے این اے 122سے متعلق تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف دائر درخواست کی سماعت الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے وکیل شاہد حامد پیش ہوئے جبکہ علیم خان کے وکیل سپریم کورٹ میں سماعت کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے۔ اس موقع پر ان کے جونیئر وکیل نے سپریم کورٹ کی کاز لسٹ پیش کی جس پرکمشن کی ممبر خیبر پی کے ارشاد قیصر نے کہا کہ اگر اس طریقے سے آپ تاخیر کرتے رہے تو دستیاب ریکارڈ کے مطابق فیصلہ سنا دیں گے۔ انہوں نے استفسار کیا کیا ان جعلی حلف ناموں کو تصدیق کے لیے سول کورٹ میں بھیجنا چاہئے۔ انہوں نے کہا گزشتہ سماعت پر کہا گیا تھا کہ اس کیس میں آخری موقع فراہم کر رہے ہیں۔ کمشن کو مذاق نہ بنائیں اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی کے وکیل نے کہا الیکشن کمشن میں علیم خان نے آٹھ سو پچپن حلف نامے جمع کرائے تھے جس میں بہت سارے حلف نامے جعلی ہیں۔ اس موقع پرکمشن کے ممبر بلوچستان شکیل بلوچ نے کہا کہ ہم آپ کو آخری چانس دے رہے ہیں کہ اس معاملے پر اپنے دلائل مکمل کریں۔ قائمقام سربراہ ممبر سندھ عبد الغفار سومرو نے کہاکہ دلائل سن کر فیصلہ سنا دیں گے۔ انہوں نے 28مارچ تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
علیم خان/ موقع