نتائج پہلے دے رہا ہوں‘ الیکشن ہمارا ہو گا‘ شریف برادران کیساتھ زرداری بھی جیل جائینگے: عمران
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ملتان میں رکنیت سازی مہم کے دوران جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم اکیسویں صدی کی سیاست کرنے جارہے ہیں۔ نوجوان تحریک انصاف کے ممبرشپ کارڈ حاصل کریں۔ ملتان میٹرو کی مثال ایسے ہے جیسے ایک مریض کو دوائوں کی بجائے سکوٹر دے دیا جائے۔ عوام کو صاف پانی‘ صحت اور تعلیم کی ضرورت ہے۔ شہبازشریف آپ بہت بڑے دو نمبر ہیں۔ شہباز شریف نے پیسہ بنانے کیلئے میٹرو بنا دی۔ تمہارے بھائی کو تو کیوں نکالا کر دیا‘ اب تمہاری باری ہے۔ ملتان کو ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے، فکر نہ کرو 30سال کی اندھیری رات 2018ء کے الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔ شہبازشریف تم کو بھی کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ ملتان میٹرو میں خالی بسیں جارہی ہیں‘ اس منصوبے پر اربوں روپے ضائع کر دیئے۔ بہاولپور بائی پاس پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہبازشریف کو پوری قوم کے سامنے بے نقاب کریں گے۔ شہبازشریف نے پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کرایا‘ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں۔ پنجاب میں میگا پراجیکٹ لگا کر کرپشن کی گئی۔ شریف برادران کے ساتھ زرداری بھی جیل جائیں گے۔ نوجوانو! تیار ہو جائو نیا پاکستان زیادہ دور نہیں۔ الیکشن جیتنے کیلئے پوری محنت کریں گے۔ ملتان کے پرانے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ تحریک انصاف میں آنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ شہبازشریف آپ کا پیٹ کب بھرے گا۔ سلمان شہباز بجلی کے منصوبوں پر پیسے بنا رہے ہیں‘ شہبازشریف عوام پر پیسہ کب خرچ کرو گے؟ ہم اقتدار میں آکر عوام پر پیسہ خرچ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا ملتان میٹرو میں خالی بسیں جارہی ہیں‘ ان پر اربوں روپے لگا دیئے لیکن یہ لمبی اندھیری رات 2018ء کے الیکشن میں ختم ہو جائے گی۔ ملتان میٹرو ایسے ہے جیسے ہسپتال میں مریض پڑا ہو اور اسے دوائوں کی بجائے سکوٹر دیدیا جائے۔ ملتان کو ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا شہباز شریف تم سب سے بڑے دونمبر شخص ہو۔