پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر منقسم
اسلام آباد (محمد نواز رضا‘وقائع نگار خصوصی) سینٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب میں ملکر حکومتی امیدواروں کو شکست دینے والی دو جماعتیں سینٹ میں قائد حزب اختلاف کی نامزدگی پر منقسم ہوگئی ہیں۔ پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کی جانب سے اپوزیشن کے اکثریتی ارکان کی حمایت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ جبکہ پیپلزپارٹی نے 33 ارکان کے دستخطوں سے قائد حزب اختلاف کی نامزدگی کےلئے سینٹ سیکرٹریٹ میں ریکوزیشن جمع کرا دی ہے۔ پیپلزپارٹی شیری رحمن کو قائد حزب اختلاف بنوانا چاہتی ہے۔ لیکن اس کے مقابلے میں خم ٹھونک کر میدان میں آئی تحریک انصاف کی طرف سے نے نمبرز گیم پورا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف پیپلزپارٹی سے غیراعلانیہ ”مفاہمت کا تاثر دور کرنے کیلئے قائد حزب اختلاف کیلئے اپنا امیدوار لانا چاہتی ہے۔ اس کے لئے سینیٹر اعظم سواتی کے نام پر قرعہ فال نکلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے 6 رکنی آزاد گروپ نے کسی کی حمایت کا اعلان نہیں کیا۔ تحریک انصاف آج قائد حزب اختلاف کےلئے اپنے امیدوار کا اعلان کرے گی۔
اپوزیشن منقسم