انتخاب بیلٹ سے ہوا‘ کسی تیسری قوت نے منتخب نہیں کیا: صادق سنجرا نی
اسلام آباد(آن لائن)نو منتخب چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ نہیں بلکہ سینٹ تاریخ کے شفاف ترین الیکشن تھے چھوٹے صوبوںسے بھی صدر وزیراعظم اور چیئرمین سینٹ بنناچاہیے۔ فیڈریشن کی خاطر نواز شریف سے بھی ملنے جائوں گا۔ مسلم لیگ ن اور حکمران اتحادی جماعتوں نے بھی ووٹ دئیے ہیں۔ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگانے والوں کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے۔ رضاربانی اور ظفرالحق بھائی کی طرح ہیں۔ ایوان کو چلانے میں انہیں تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ میرا انتخاب بیلٹ باکس کے ذریعے ہوا کسی تیسری قوت نے منتخب نہیں کیا ۔ آن لائن کو ایک انٹرویو میں کہا کہ پورے بلوچستان میںعوام بہت خوش ہیں۔میرا چیئرمین سینٹ بننا بلوچستان ، تمام صوبوں اور فیڈریشن کے استحکام کی ضمانت ہے ۔پاکستان اور وفاق کی مضبوطی سے چھوٹے صوبوں کے اندر احساس محرومی ختم ہوگا۔ پاکستان ہم سب کا ہے ۔جنہوں نے ووٹ نہیں دیا ان کا بھی شکر گزار ہوں، سینٹ انتخابات میں میری جیت کسی فرد یا جماعت کی شکست نہیں بلکہ فیڈریشن کی جیت ہے۔ پارلیمان کو چلانے کیلئے ہمیں ملکی وقار اور اس کے مفاد میںساتھ چلنا ہوگا۔ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کا وقار مقدم ہے۔ اس ملک کے وقار سے ہماری شان ہے ۔
صادق سنجرانی