علی ٹائوں ماڈل قبرستان میں مزید قبروں پر پابندی، اہل علاقہ سراپا احتجاج
اڈیالہ (نامہ نگار) ڈی سی او راولپنڈی کی طرف سے علی ٹائوں ماڈل قبرستان میں مزید قبروں پر پابندی پر علاقے میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔سیاسی ،مذہبی اور صحافتی برادری کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قبروں پر پابندی کو لوگوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کرنے سے تعبیر کرتے ہوئے اسے ظلم قراردیا ہے اورکہا ہے کہ انتظامیہ کے اس اقدام نے انسانیت کو شرمندہ کردیا ہے اگر قبرستان پر پابندی نہ ہٹائی گئی تو پھر احتجاج کے سلسلے کو کوئی روک نہیں سکے گا۔انٹرنیشنل ہیومن رائٹس فورم کے چیئرمین سید نعیم عاصم، علماء اتحاد کونسل اڈیالہ روڈ کے سربراہ عبدالوسید سعید ،چیئرمین یونین کونسل دھاماں سیداں عمران الیاس چوہدری، وائس چیئرمین اسد عباس کاظمی ،سابق امیدوار برائے چیئرمین عبدالغفوربھٹی، پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوار برائے چیئرمین راجہ برکت سمیت علاقے کی لوگوں کی کثیر تعداد نے ڈی سی او راولپنڈی کی طرف سے قبرستان میں قبروں پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بڑی بڑی کرسیوں پر بیٹھے ہوئے ان لوگوں نے اللہ کو جواب نہیں دینا۔لوگوں کو مرنے کے بعد دوگز زمین سے بھی محروم کردیا گیا۔