نیپرا ترمیمی بل سے ملکی انرجی سیکٹر میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی: اویس لغاری
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر توانائی ڈویژن سردار اویس احمد خا ن لغاری نے قومی اسمبلی سے نیپرا ترمیم بل کی منظوری پر کہا کہ صارفین کیلئے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے ، جوں ہی بل کو قانون کی حیثیت حاصل ہوتی ہے تو پاور ڈویژن ایک لمحے کی تاخیر کیے بغیر بجلی کے صارفین کیلئے اس پر عمل درآمد شروع کر دے گی، عنقریب پاکستان کا پہلا بجلی کا جامع پلان اور پالیسی بھی دستیاب ہو گی ساتھ اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ مُلک میں 2013ء جیسے بجلی کے حالات کی نوبت تک نہ آئے۔ وزارت توانائی ڈویژن ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر توانائی ڈویژن نے کہاکہ قومی اسمبلی نے نیپرا ترمیم بل کی منظوری دے دی ہے ۔نئے قانون کے تحت ہمارے بجلی تقسیم کارکمپنیوں کے اہلکار جو کہ زائد بلنگ یا غلط بلنگ کے مرتکب ہونگے ان کو تین سال تک کی سزا دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ نیپرا ان کی شکایات کو سُنے گا اور نیپرا ہی کی سفارشات پر کیسز رجسٹرہونگے۔ ترامیم کیوجہ سے ملکی انرجی سیکٹر میں اہم اور مثبت تبدیلیاں آئیں گی ۔