شعبہ تعلیم کی درستگی پر ہماری سلامتی، ترقی و استحکام کا انحصار ہے، رانا اشفاق رسول
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعلیم بنیادی عنصر کی حیثیت رکھتی ہے۔ زندگی سنوارنے کا سب سے زیادہ توجہ طلب شعبہ تعلیم و تدریس کا ہے، اسی کی درستگی پر ہماری سلامتی، ترقی و استحکام کا انحصار ہے۔ ان تاثرات کا اظہار الائیڈ اسکول شیرشاہ سائٹ کیمپس (پری اسکول) کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے صدرنشیں چیف ایگزیکٹو رانا اشفاق رسول خاں نے شرکائ، والدین و معززین شہر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی انیس الرحمن، سید محمد حسن، اسکول کی پرنسپل عدیلہ اشفاق اور اساتذہ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ رانا اشفاق رسول خاں نے کہا کہ تدریس پیغمبرانہ پیشہ ہے۔ ہم آگاہ ہیں کہ فی زمانہ علمی اداروں کا قیام منفعت بخش کاروباری صنعت کا درجہ اختیار کرگیا ہے لیکن جذبہ و خلوص کے ساتھ یہ کام کیا جائے تو نہ صرف اجر و ثواب ہے بلکہ حقوق العباد کی ادائیگی کا بھی ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کمرشل ازم کو پسِ پشت رکھ کر خدمتِ انسانیت کیلئے اس شعبہ میں آئے ہیں اور ہماری سعی و جہد کا محور نسلِ نو کو عمل کے زیور سے آراستہ کرنے میں معاون کا کردار ادا کرنا ہے۔ انیس الرحمن نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک ترقی یافتہ ہوسکتا ہے۔ آج پاکستان اسلامی ممالک کی قیادت کے لئے تیار ہوچکا ہے اور دنیا کی ساتویں و پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے رہنمائوں نے اپنا مشن پورا کردیا ہے ،اب نسلِ نو پر یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کی ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرکے اپنی صلاحتیں تعمیرِ وطن پر لگائیں۔ سید محمد حسن نے کہا کہ مسلم سائنسدانوں کی کتب سے استفادہ کرکے آج مغرب ارتقاء کی نئی منازل طے کررہا ہے جبکہ مسلمان بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔