نجی اسپتال کے ڈاکٹر کی غفلت‘ بچہ ہلاک‘ ماں کی حالت تشویشناک
کراچی(ہیلتھ رپورٹر)گلشن حدید کے نجی اسپتال میں دوران زچگی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے مریضہ کی حالت نازک، پیدائش کے ایک گھنٹے کے بعد بچہ فوت ہوگیا۔ ورثا کا احتجاج، ڈاکٹر کو عطائی قرار دے کر کاروائی کے لیئے ملیر کورٹ اور تھانہ اسٹیل ٹائون میں درخواستیں جمع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ جنگ شاہی کے رہائشی محبوب علی ولد محمد عرس اپنی بیوی کی ڈلیوری کے لیئے گلشن حدید کی نجی اسپتال فیملی کیئر کلینک لے آئے۔ تمام فیس ادا کی جس کے باوجود ڈاکٹر نے مبینہ طور پر زچگی کے دوران غفلت کا مظاہرہ کیا جس سے مریضہ کی حالت انتہائی نازک ہو گئی۔ جبکہ پیدائش کے ایک گھنٹے کے بعد بچہ بھی فوت ہوگیا۔ جس کے خلاف ورثا نے شدید احتجاج کیا اور ڈاکٹر کو نان کوالیفائی عطائی قرار دیتے ہوئے ملیر کورٹ اور تھانہ اسٹیل ٹائون میں ڈاکٹر کے خلاف کاروائی کی درخواست کی۔ خاتون کے شوہر محبوب علی نے بتایا کہ بھاری فیس ادا کرنے کے باوجود میری بیوی کو شدید تکلیف پہنچائی گئی اور اسے دھکا دے کر بسترسے گرادیا گیاجس کی باعث اسکا خون ضایع ہوا اور پیدائش کے ایک گھنٹے کے باعث بچہ بھی ہلاک ہوگیا انہوں نے کہا کہ ہم نے ملیر کورٹ اور تھانہ اسٹیل ٹائون کو مذکورہ عطائی ڈاکٹر شازیہ کے خلاف کاروائی کی اپیل کی ہے تاکہ دوسرے غریبوں کو اس ڈاکٹر سے بچایا جا سکے۔