شہر ی سہو لیات کے لئے سو سائٹیز کا کر دار اہم ہے ، گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ قومی معیشت کی شہ رگ کراچی کی ترقی و خوشحالی ، امن و امان کے استحکام و تسلسل اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹیز اہم ثابت ہو رہی ہیں ، علاقائی سطح کے حالات میں بہتری ،مکینوں کو سہولیات کی فراہمی، مشکلات اور درپیش رکاوٹوں کے خاتمہ میں یہ سوسائٹیز منفرد کردا ر ادا کررہی ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ سوسائٹی میں سکونت اختیار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں اس ضمن میں ڈیفنس ہاﺅسنگ سوسائٹی شہر میں پرکشش اہمیت کی حامل ہے جہاں لوگوں کو پرامن ماحول، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بہترین انفرااسٹرکچر کی سہولیات حاصل ہیں ،ساحلی پٹی کے پرکشش ماحول پر قائم سوسائٹی کے حالات ہمیشہ سے ہی ساز گار رہے ہیں جس کہ وجہ منظم نیٹ ورک ، جدید سہولیات ، بہترین سیکیورٹی انتظامات اور ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں ڈیفنس سوسائٹی ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سابق چیف سی پی ایل سی شرف الدین میمن کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں نائب صدر زاہد اقبال ،محترمہ طاہرہ اطہر نسیم اور جنرل سیکریٹری منصور آئی عثمان شامل تھے ۔ ملاقات میں علاقائی سطح پر قائم سوسائٹی کا کراچی کی ترقی و خوشحالی میں کردار ، امن و امان ، قومی ترقی، ڈیفنس سوسائٹی کے مسائل ، درپیش مشکلات ،حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔