A PHP Error was encountered

Severity: Notice

Message: Undefined index: category_data

Filename: frontend_ver3/Templating_engine.php

Line Number: 35

لاہور میں 60 بوریاں بارود‘ 18 گرنیڈز‘ 2 خودکش جیکٹس برآمد

16 مارچ 2010
لاہور + اسلام آباد + کراچی (نامہ نگار + کرائم رپورٹر + مانیٹرنگ نیوز) لاہور ‘ پشاور‘ اسلام آباد اور واہ کینٹ سے بارود کی بھاری کھیپ برآمد کرکے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ 108 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی جبکہ راولپنڈی کے کئی علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاﺅن پولیس نے 651 مہران بلاک میں مکان سے بارود سے بھری ہوئی 60 بوریاں برآمد کر لیں جسے بم ڈسپوزل سکواڈ ناکارہ بنانے میں مصروف ہے اور نمونے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔ پولیس کے مطابق خالی گھر سے خودکش حملے میں استعمال ہونے والی 2 جیکٹیں اور 18 ہینڈ گرنیڈ اور لائٹ مشین گن کی ہزاروں گولیاں بھی برآمد کی گئیں 3 مشکوک افراد بھی پکڑے گئے۔ایس پی علی ناصر رضوی کے مطابق 1500 کلو وزنی دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔ اگر دھماکہ خیز مواد پھٹ جاتا تو 500 میٹر تک علاقہ میں تباہی پھیلا سکتا تھا۔ مذکورہ مکان میں رہائش پذیر کرائے داروں کی گرفتاری کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ مذکورہ مکان کے مالک پراپرٹی ڈیلر اور کرائے داروں کے ضمانتی افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ واہ کینٹ پولیس نے کرش کے لدے ٹرک پر چھاپہ مار کر ساڑھے چھ من بارود برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پشاور سے بھی 3 شدت پسند پکڑے گئے ان سے 250 کلو بارود پکڑا گیا۔ وزارت داخلہ کی خصوصی ہدایات پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پنڈی میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 25 افغانیوں سمیت 100 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں اور نالہ ندیوں پر چیکنگ مزید سخت کر کے اضافی مسلح کمانڈوز کی نفری تعینات کر دی گئی اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ کیرج فیکٹری کے قریب بارود سے بھری وین نمبر ایل ایکس کے 1618 قبضہ میں لیکر بارود کے سات کارٹن برآمد کر لئے گئے جن میں سے 142 کلو بارود پولیس نے قبضہ میں لے لیاایک خاتون امتری اور ملزم گوہر کو گرفتارکر لیا گیا جن سے بڑے پیمانے پر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔ مزید برآں کراچی سے سی آئی ڈی پولیس نے تحریک طالبان پاکستان نے مزید دو کمانڈروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 13 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ اکبر سبحان اور فضل سبحان سگے بھائی ہیں۔ پولیس کے مطابق اکبر سبحان سوات میں دہشت گردی کے ٹریننگ کیمپ کا انچارج تھا دونوں بھائی کچھ عرصہ قبل سوات میں فوجی آپریشن کے دوران گھیرا تنگ ہونے پر فرار ہوکر کراچی آگئے تھے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔