لاہور : ارکان اسمبلی ترقیاتی سکیموں کی خود نگرانی کریں: دوست کھوسہ

16 مارچ 2010
لاہور (خبر نگار) وزیربلدیات پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اقلیتوں اور خواتین کے لےے مخصوص سیٹوں پر منتخب ہونے والی ارکان پنجاب اسمبلی کے صوابدیدی فنڈز کی مد میں 59 کروڑ 20 لاکھ روپے کی رقم مختص کی ہے جس میں سے مختلف ترقیاتی سکیموں کے عوض 31 کروڑ 76 لاکھ کے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات نے ارکان پنجاب اسمبلی پر زور دیا ہے کہ وہ خود ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور مالی سال کے اختتام سے پہلے پہلے تمام سکیمیں مکمل کروائیں۔ اجلاس میں اقلیتی ارکان اسمبلی مخصوصی نشستوں پر متنخب ہونے والی ارکان اسمبلی کی 4 کروڑ 12 لاکھ روپے مالیت کی 70 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ یہ سکیمیں لاہور ، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور بہاولنگر کے اضلاع کے 11 صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں مکمل کی جائیں گی۔