وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جنرل کیانی کے ساتھ اہم ملاقات

16 مارچ 2010
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی سے پیر کی شام آرمی ہاوس میں اہم ملاقات کی ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی نے آرمی چیف سے قومی سلامتی سے متعلق امور اور پنجاب میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے حوالے سے بات چیت کی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب اور آرمی چیف کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ قائم ہوا تھا مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر رہنما نے ”نوائے وقت“ کے استفسار پر بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میں صوبے میں دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے کے لئے موثر حکمت عملی تیار کرنے پر آرمی چیف سے بات چیت کی‘ پورے پنجاب میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لئے جانچ پڑتال اور چیکنگ کے موثر نظام کو متعارف کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کی آرمی چیف سے ملاقات کے بارے میں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے وضاحت کی کہ میرے بیان کو میڈیا نے غلط طور پر پیش کیا ہے۔ نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ملاقات میں طالبان کے حوالے سے بیان پر تبادلہ خیال ہوا۔ سرکاری ہینڈ آوٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف نے آرمی ہاوس راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی جس کے دوران سکیورٹی سے متعلق مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں عسکریت پسندی کے سدباب کے لئے مختلف سکیورٹی اداروں کے درمیان بہتر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اس کے لئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے آرمی چیف کو لاہور کے حالیہ دھماکوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خلاف فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج ملک کی سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہے جس میں تمام قوم اس کے ساتھ کھڑی ہے۔