لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) پاکستان ٹینس فیڈریشن نے نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیوس کپ کا ٹینس میچ پاکستان سے باہر منتقل کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے ہی پاکستان میں میچ کھیلنے پر خدشات ظاہر کر چکی تھی اور اس نے بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن سے مقابلوں کو کہیں اور منتقل کرنے کو کہا تھا لیکن پاکستان نے ان خدشات پر سوال اٹھایا تھا۔ تاہم جمعہ کو لاہور میں ہونے والے خودکش حملوں کے بعد پاکستانی ٹینس فیڈریشن کے صدر دلاور عباس کا کہنا ہے کہ اب حالات بدل چکے ہیں۔ پاکستان نے اومان‘ ہانگ کانگ اور فلپائن کے خلاف اپنے آخری تین ڈیوس کپ ثالثی میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلے ہیں کیونکہ ان ممالک کی ٹیموں نے بھی سکیورٹی خدشات کی بناء پر پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔ پاکستان میں دہشت گردی نے کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور گذشتہ برس مارچ میں سری لنکن ٹیم پر قاتلانہ حملے کے بعد سے پاکستان کو کئی بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی سے ہاتھ دھونا پڑے ہیں جن میں 2011ء کا کرکٹ ورلڈکپ بھی شامل ہے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38