حکومت جاتی ہے تو جائے،ن لیگ اور پی پی عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مریم نواز سے ملاقات میں اتفاق ہوا عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونےدیں گے، ہم عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میںمولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کروں گا،اس کے علاوہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطہ کریں گے۔
عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہوں، بجٹ کسی صورت پاس نہیں ہونے دیں گے، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، عوام کو مہنگائی کے سونامی سے نجات دلائیں گے۔
بی بی کی سالگرہ پر نواب شاہ میں جلسے سے خطاب کروں گا اور اسی جلسے سے ہی تحریک کا آغاز ہوگا، دل و جان سے کوشش کریں گے عوام دشمن بجٹ پاس نہ ہو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کو عوام کے سامنے جواب دہ بنائیں گے، یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے لئے معاشی خودکشی کے مترادف ہے، غریب اور محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنا ہم پر فرض ہے۔
بلاول بھٹو کامزید کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے بھی موقع دیا اور اب بھی دے رہے ہیں، حکومت جاتی ہے تو چلی جائے مگر بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے، ہمارے وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آرکا فیصلہ آئی ایم ایف کررہا ہے.
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی دعوت پر ان سے ملاقات کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رائے ونڈ میں جاتی امرا پہنچے تھے۔
پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے بلاول بھٹو اور ان کے وفد کا استقبال کیا، مسلم لیگ کے وفد میں رانا ثنااللہ خان، مریم اورنگزیب، پرویز رشید، سردار ایاز صادق اور محمد زبیر شامل تھے۔