مختصرعدالتی خبریں
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل سیشن جج نے منشاء بم کے دو بیٹوں کی عبور ی درخواست ضمانتوں میں 24 جون تک توسیع کرتے ہوئے تھانہ جوہڑٹاون کے تفتیشی افسر سے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ ایف آئی اے کورٹ نے سابق چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ سیدآصف ہاشمی کیخلاف کیس کی سماعت میں آصف ہاشمی کی درخواست پر ڈسٹرکٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کو آصف ہاشمی کا مکمل چیک اپ کرانے کا حکم دے دیا ۔ سیشن کورٹ میں کراچی سے لاہور آنے والی ماڈل اقراء قتل کیس میں ملوث چار ملزموں کی عبوری ضمانت میں 18جون تک توسیع کردی گئی۔ احتساب عدالت میں ماڈل ہائوسنگ انکلیو سکینڈل کیس میں 2 ارب سے زائد کرپشن کیس میں ملوث ملزم فرہان چیمہ اور سلیم اشتیاق کے 13روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی۔گریٹر لاہور المعروف چنار باغ کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس میں ملوث ملزم اعجاز خان اور طارق شاہ کے کیس کی سماعت ہوئی احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے ملزم اعجاز خان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا اور ملزم طارق شاہ کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔