انٹرنیشنل ایونٹس میں میڈلز یافتہ کھلاڑیوں کو کیش ایوارڈز دینے کا فیصلہ
اسلام آباد ( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کیلئے انٹرنیشنل میگا سپورٹس ایونٹس میں میڈلز حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو20جون کو ایک خصوصی تقریب میں کیش ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ یہ خصوصی تقریب 20جون کو دو بجے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے راڈہم ہال میں منعقد ہوگی۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا مہمان خصوصی ہوں گی اور قومی ہیروز میں 3کروڑ 26لاکھ روپے کے کیش ایوارڈ تقسیم کریں گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا محمد اعظم ڈار کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق 2017اور2019ء میں منعقدہ اسلامک سالیڈیڑی گیمز، ایشیئن انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز، ایشیئن گیمز اور اشیئن پیرا گیمز میں گولڈ، سلور اور برونز میڈلز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو سپورٹس پالیسی کے مطابق کیش ایوارڈز دیئے جائیں گے۔